اڈپی، 22 / جون (ایس او نیوز) گورنمنٹ اسکولوں میں کنڑا زبان اور میڈیم کی وجہ سے بچے انگلش میں کمزور ہونے کی جو شکایت ہے اس کا ازالہ کرنے کے لئے شیفنس انگلش اکیڈیمی نے ان اسکولوں کے اساتذہ کو انگریزی بول چال (اسپوکن انگلش) سکھانے کا منصوبہ بنایا ہے ۔
شیفنس انگلش اکیڈیمی ، اڈپی میں قائم شیفنس ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کی ایک یونٹ ہے ۔ ٹرسٹ کے ڈائریکٹر منوج کڈبہ نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کم ہونے کا ایک اہم سبب یہ ہے کہ والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بچے انگریزی بولیں ۔ لہٰذا اگر ہم سرکاری اسکولوں میں یہ سہولت فراہم کریں تو ان اسکولوں میں کم ہوتی ہوئی طلبہ کی تعداد پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ ٹرسٹ کے ذریعہ سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو اسپوکن انگلش سکھائی جائے گی اور پھر وہ یہ ہنر اپنے طلبہ کو سکھائیں گے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرسٹ نے سال 13-2012 میں اڈپی ضلع کے 8 ہائی اسکولوں میں انگلش زبان سکھانے کی مہم شروع کی تھی ۔20-2019 میں یہ تعداد 21 ہوگئی اور 1986 طلبہ نے اس سے استفادہ کیا ۔ پھر کووڈ کی وجہ سے یہ سلسلہ روک دیا گیا تھا ۔ اور اب اڈپی ضلع میں 200 اسکولوں اور جنوبی کینرا میں 100 اسکولوں کو نشانہ بنا کر اس مہم کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے ۔